توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان کے نام قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے کہا کہ عمران خان کو بار بار موقع دیا وہ پیش نہیں ہوئے، پیش نہ ہونے پرعمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہیں۔
اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق فوجداری کارروائی کیس کی سماعت کے دوران جج نے حکم دیا تھا کہ عمران خان ادھر آ جائیں، فردِ جرم عائد ہو جائے تو پھر چلے جائیں۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل علی بخاری اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے تھے۔