یاسر نے رضوان سے کیا شرط لگائی جو انہوں نے اسی روز پوری کردی؟
کراچی (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے وکٹ کیپر محمد رضوان سے شرط لگائی تھی جو انہوں نے اسی روز پوری کردی۔لیگ اسپنر یاسر شاہ جیو نیوز کے پروگرام ’ ہارنا منع ہے‘ کے مہمان بنے جس دوران میزبان تابش ہاشمی نے یاسر سے سوال کیا کہ آپ نے ایک قومی کرکٹر سے شرط لگائی تھی کہ جب تک تم سینچری نہیں بناؤ گے میں تمہیں بڑا پلیئر نہیں مانوں گا جس کے بعد اس کھلاڑی نے اسی میچ میں سینچری بناڈالی اور اس کے بعد وہ بڑے پلیئر بن گئے؟
میزبان کے سوال پر یاسر شاہ نے اعترافاً ہنستے ہوئے بتایا کہ جی! میں نے محمد رضوان سے شرط لگائی تھی۔
یاسر نے بتایا کہ کراچی میں ایک ٹیسٹ میچ کیلئے میں رضوان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھا اس دوران میں نے رضوان سے کہا کہ میں آپ کو تب تک بیٹسمین نہیں مانوں گا جب تک آپ ٹیسٹ میچ میں سینچری نہیں کروگے، میری گفتگو پر رضوان نے مجھے آڑی نظروں سے دیکھا لیکن کچھ نہیں کہا مگر اسی دن رضوان نے سنچری کرڈالی۔
یاسر کے جواب پر تابش نے ازراہ مذاق کرکٹر کو مشورہ دیا کہ آپ اس شرط کے کام کو باقاعدگی سے شروع کردیں تاکہ کھلاڑی سینچری بنانا شروع کردیں۔