اشنا شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں بندھنے والی پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے اپنی شادی کی تقریب میں رنگ میں بھنگ ڈالنے والے فوٹوگرافر کو معاف کرتے ہوئے ان سے معافی مانگ لی اور سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان بھی کردیا۔
فوٹو ایند ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مختلف اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے اشنا شاہ نے شادی کی تقریب میں بن بلائے فوٹو گرافر کو ایک جانب معاف کردیا اور پھر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کا نام لے کر تنقید کرنے کے بعد احساس ہوا تو ان سے اپنے کئے کی معافی بھی مانگ لی۔
انہوں نے پہلے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی شادی شدہ زندگی کا سفر اس احساس کے ساتھ شروع نہیں کرسکتی کہ میری وجہ سے کسی کی بدنامی ہو، مجھے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ میں اس طرح کسی کو آن لائن بے عزت کروں پھر چاہے انہوں نے مجھے کتنا ہی دکھ دیا ہو۔ اس لئے میں اے بی لاکھانی اور ان کے فوٹو گرافر سے معافی مانگتی ہوں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ مجھے احساس ہے کہ آن لائن ٹرولنگ کس طرح ذہنی تناؤ کا باعث بنتی ہے اس لئے نہیں چاہتی کہ کوئی اور بھی ان سب سے گزرے، میری شادی کی تصاویر وائرل کرنے میں صرف اے بی لاکھانی کا ہاتھ نہیں تھا۔
انہوں نے ایک اور انسٹا اسٹوری میں فوٹوگرافر کی جانب سے مانگی گئی معافی کا اسکرین شارٹ شیئر کیا اور کہا کہ میں بس اپنی شادی اپنے تک رکھنا چاہتی تھی اور اپنے انداز میں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا چاہتی تھی لیکن جس انداز میں میری سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس نےبہت دکھ پہنچایا اور انسان ہونے کے ناتے میں نے ایسا ہی ری ایکٹ کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی معافی مانگی اور کہا کہ مجھے میرے شادی کے جوڑے کے انتخاب کے لئے معاف کر دیں اور اس چیز کے لئے بھی کہ میں نے اپنی چیز کو اپنے تک رکھنا چاہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے تمام کمنٹس پڑھے لیکن یقین جاننے میرا اپنی ثقافت کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، میری وجہ سے کسی کو بھی کوئی تکلیف ہوئی ہو تو مجھے معاف کردیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں کے پیار اور دعاؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میدیا کو دو دھاری تلوار قرار دیتے ہوئے ذہنی سکون کی خاطر اس سے کچھ عرصے کے لئے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا اور اب کچھ وقت اپنے شوہر حمزہ آمین اور اپنے سسرالیوں کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے کے ایک گھنٹے بعد اپنا انسٹا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کردیا۔