اسلام آباد میں 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں 120 کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا گیااسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دےدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق انٹراکورٹ اپیلیں نمٹا دیں۔
واضح رہے کہ 101 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو ہونے تھے، تاہم حکومت نے 19 دسمبر کو یونین کونسلز کی تعداد 101 سے بڑھا کر 125 کر دی، ایک روز بعد الیکشن کمیشن نے اس اقدام کو مسترد کر دیا تھا لیکن 23 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کا مؤقف سنا اور انتخابات ملتوی کر دیے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی (جے آئی) نے اس فیصلے کو اسلام آبادہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، 30 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو ہی کرانے کی ہدایت کی تھی۔
الیکشن کمینش اس حکم پر عمل درآمد نہ کرا سکا اور وفاقی حکومت کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، 2 جنوری کو ڈویژن بینچ نے الیکشن کمیشن اور حکومت کی انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت کی اور پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سمیت مدعا علیہان کو نوٹس جاری کیا۔