ارشد وارثی پر بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں خرید و فروخت پر پابندی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گورٹی سمیت کئی افراد پر بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں خرید و فروخت کرنے پر پابندی لگادی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مارکیٹ ریگولیٹر نے کہا ہے یہ فیصلہ قیمتوں میں ہیرا پھیری کے الزامات کی تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مارکیٹ ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر 4 چینلز پر ویڈیوز کوکچھ شیئرز کی قیمتوں کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) کے مطابق کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر جھوٹی اور گمراہ کن ویڈیوز اپ لوڈ کیں جن میں سرمایہ کاروں کو غیر معمولی منافع کے لیے سادھنا براڈکاسٹ لمیٹڈ اور شارپ لائن براڈکاسٹ لمیٹڈ کے حصص خریدنے کا مشورہ دیا گیا۔
ایس ای بی آئی کے مطابق ارشد وارثی نے 29 لاکھ اور ان کی اہلیہ نے37 لاکھ روپے کا منافع کمایا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی اہلیہ کے ساتھ کیس میں ملوث اداکار ارشد وارثی نے الزامات کی تردید کی ہے۔
جمعرات کو ارشد وارثی نے ٹوئٹ کیا کہ برائے مہربانی خبروں میں موجود تمام چیزوں پر یقین نہ کیا جائے، ماریہ اور میرا اسٹاک کے بارے میں علم صفر ہے۔ارشد وارثی نے لکھا کہ ہم نے مشورہ لینے کے بعد شاردہ میں سرمایہ کاری کی اور بہت سے دوسرے لوگوں کی طرح ہماری بھی محنت کی کمائی برباد ہوگئی۔