آڈیوز سے محسوس ہوتا ہے جھکاؤ مخصوص سیاسی جماعت کی طرف ہے : عطاء تارڑ


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عدلیہ کی طرف سے کچھ آڈیوز جو آئی ہیں، ان آڈیوز سے محسوس ہوتا ہے کہ کچھ جھکاؤ ایک مخصوص سیاسی جماعت کی طرف ہے۔گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب ایک جج سے متعلق آڈیو آئی تو جج کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا، ریفرنس ابھی تک سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا، آج جو آڈیو آئی ہے اس میں جس طریقے سے ٹرک کی بات ہو رہی ہے، جج کا نام لیا جا رہا ہے کہ ان کے لیے ایک ٹرک تیار کھڑا ہے، یہ آم کا ٹرک تو نہیں ہے، نہ مالٹوں کا ٹرک ہے، یہ بالکل واضح ہے کہ کس چیز کا ٹرک ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے، ریفرنس میں آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کا ناجائز استعمال، کرپشن کے ثبوت ہیں، کیا وجہ ہے کہ ریفرنس ابھی تک سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا؟ اس وقت ملک کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، یہاں دہرا انصاف کا نظام نہیں چل سکتا، کیا عمران خان پر کیسز کے خلاف کارروائی روزانہ کی بنیاد پر ہوگی؟ انہیں مسلسل ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر عہدے سے ہٹایا گیا، آج جو آڈیو لیک سامنے آئی ہے اس میں کس ٹرک کی بات ہورہی ہے؟ ہمیں نظر آ رہا ہے کہ کچھ معزز ججوں کا جھکاؤ عمران خان کی طرف ہے، ہمیں سزا دلوانے کی بات کی جا رہی ہے ، ملک میں دہرا نظامِ عدل رہا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔
ن لیگی رہنما نے کہا ہے کہ ایک شخص پر الزامات آئے ہیں تو تحقیقات میں کیا حرج ہے، ٹرکوں کی باتیں بھی اس ملک میں شروع ہو گئی ہیں، فواد چوہدری عدالتوں میں پیغام رسانی کا کام کر رہے ہیں، انصاف صرف سیاستدانوں کے ساتھ ہو گا؟ ایک معزز جج تحقیقات کا سامنا نہیں کریں گے؟ دہرا نظامِ عدل ملک میں نظامِ عدل کو ختم کر دے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ خدارا اس ادارے کو بچائیں اس کی تکریم کو بچائیں، ہمیں جب سزا دینا ہوتی تھی تو روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہوتا تھا، اس نظام کے تحت ہم بڑا پسے ہیں، جس میں پہلے بھی عمران خان کے سہولت کار تھے اب بھی ہیں۔عطاء تارڑ نے فواد چوہدری کی آڈیو لیک کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جج سے متعلق الزاما ت پر سپریم کورٹ کی جوڈیشل کونسل میں سماعت مقرر ہونی چاہیے۔