آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کے باوجود بھی ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں ٹلے گا، مفتاح اسماعیل
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کےباوجود بھی ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں ٹلے گا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 8 ارب ڈالر رہنے کی پیش گوئی کرکے زیادتی کر رہا ہے، دوست ملک پاکستان سے بدظن ہوگئے کہ پاکستان جو کہتا ہے وہ کرتا نہیں ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا آج پاکستانی معیشت کی تاریخ کے حوالے سے ایک برا دن ہے کہ جب پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 300 روپے تک پہنچ گیا اور شرح سود بھی 3 فیصد اضافے کے بعد 20 فیصد پر پہنچ گیا۔ان کا کہنا تھا توقع تھی کہ شاید شرح سود 2 فیصد بڑھ جائے لیکن 3 فیصد بڑھائی گئی ہے اس سے حکومت کو جو سود دینا ہوتا ہے وہ بھی بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے،
حکومت کو سالانہ 900 ارب روپے کا فرق پڑ جاتا ہے اور پرائیویٹ سیکٹر کو بھی فرق پڑتا ہے، یہ دونوں بہت ہی زیادہ منفی ڈویلپمنٹ ہیں لیکن اس سب کے باوجود ہم امید کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا تو ان شاء اللہ ہم کوشش کریں گے تو کہیں نا کہیں بہتری کی طرف جا سکتے ہیں۔