دبئی میں روزگار کی فکر سے بے چین پاکستانی پر قسمت مہربان ہو گئی

دبئی(قدرت روزنامہ)دبئی میں مقیم پاکستانی شہری اپنی 31 ویں سالگرہ سے چند گھنٹے قبل کروڑ پتی بن گیا۔متحدہ عرب امارات میں کئی سال سے لکی ڈرا ہوتے آ رہے ہیں۔ جن میں لاکھوں ڈالرز بطور انعام دیے جاتے ہیں مگر زیادہ تر بھارتی شہری ہی ان کیش انعامات کو جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے زیادہ تر بھارتی باشندے ہی ٹکٹیں خریدتے ہیں جبکہ پاکستانیوں میں اس جانب رجحان کم ہے ۔
اسی وجہ سے پاکستانیوں پر قسمت کم ہی مہربان ہوتی ہے۔ مگر آج پاکستانیوں کے لیے خوشی کا دن ہے کہ دبئی میں مقیم پاکستانی راجہ محفوظ ڈرا جیت گئے ہیں اور ایک ملین اماراتی درہم کے مالک بن گئے ہیں جو تقریبا 6 کروڑ 55 لاکھ 48 ہزار 744 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔ عرب جریدے گلف نیوز کے مطابق راجہ پچھلے 7 سال سے دبئی میں مقیم ہیں اور ہر ہفتے ہونے والے لکی ڈرا میں حصہ لیتے تھے۔

لیکن اس سے پہلے قسمت اُن پر کبھی مہربان نہیں ہوئی ۔ اس دفعہ وہ خوش قسمت ٹھہرے کہ ان کی سالگرہ کے کچھ گھنٹے قبل وہ کروڑ پتی بن گئے۔ راجہ کے مطابق ان کی سالگرہ پرانھیں ملنے والا یہ بہترین تحفہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنی 31 ویں سالگرہ سے محض چند گھنٹے قبل اتنا قیمتی تحفہ ملنا ناقابل یقین ہے ۔ انھوں نے اعتراف کیا کہ پوری زندگی میں پہلے کبھی ایسا تحفہ نہیں ملا۔
پاکستان نژاد راجہ دبئی میں لاجسٹک کمپنی میں اکاوٴنٹس مینجر کے فرائض سر انجام دیتے تھے انھوں نے چند ماہ قبل ہی استعفیٰ دیا تھا اور نئی ملازمت کی تلاش میں تھے۔ اب ان کے مستقبل کے حوالے سے بے پناہ منصوبے ہیں کیونکہ وہ کروڑ پتی بن گئے ہیں ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنا کاروبار کرنے کے متعلق سوچا کرتے تھے مگر وسائل کی کمی کے باعث وہ کاروبار شروع نہیں کر پا رہے تھے۔
اب چونکہ وہ کروڑ پتی بن گئے ہیں تو وہ اپنا ریستوران کھلنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے شہر میں سپر مارکیٹ کھولنے کا منصوبہ بھی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تک روزگار کی فکر سے بے چین اور مستقبل کے حوالے سے وہ سخت پریشان تھے مگر اب راتوں رات ان کی زندگی بدل چکی ہے جو کہ ان کے لیے ناقابل یقین ہے مگر اب یہی حقیقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس ڈرا سے متعلق ابھی تک اپنے والدین کو نہیں بتایا کیونکہ وہ انھیں سرپرائز دینا چاہتے ہیں۔ وہ اپنے والدین کو اپنا ہیرو اور رول ماڈل مانتے ہیں۔