سندھ پولیس میں ڈرائیورز اور کانسٹیبلز کی اسامیوں پر بھرتیاں شروع


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ پولیس میں ڈرائیورز اور پولیس کانسٹیبلز کی گریڈ 7 کی 4569 اسامیوں پر بھرتیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔امیدواروں کے پاس متعلقہ اضلاع کا ڈومیسائل، تعلیمی قابلیت اور طبی معیار کا ہونا لازمی ہے، امیدوار 31 مارچ 2023ء تک آن لائن درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
سندھ پولیس میں بھرتیوں کے حوالے سے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق کراچی رینج میں مجموعی 1362 اسامیوں کے لیے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے لیے 173، سٹی 104، کیماڑی 226، ایسٹ 283، ملیر 132، کورنگی 58، سینٹرل 275 اور ویسٹ کے لیے 111 امیدوار درکار ہیں۔
حیدرآباد پولیس رینج کے لیے 909، شہید بے نظیر آباد کے لیے 304، سکھر رینج سے 566 جبکہ لاڑکانہ رینج کے لیے 820 اسامیوں پر بھرتیاں شروع کی جا رہی ہیں۔سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کے لیے گریڈ 7 کے ڈرائیور اور پولیس کانسٹیبل کی بھرتیوں کے لیے 361 امیدوار درکار ہیں۔
حکام کے مطابق ایس آئی یو میں بھرتی کے لیے سندھ کے تمام اضلاع کے ڈومیسائل کے حامل امیدوار درخواستیں دے سکتے ہیں، تسلیم شدہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن سے میٹرک پاس اور (آن لائن درخواست فارم کی آخری تاریخ تک) کارآمد موٹر کار ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے امیدوار اہل قرار پائیں گے۔
مرد امیدوار کا کم از کم قد 5 فٹ 6 انچ، چیسٹ کم از کم 33 انچ ہونا لازمی ہے، امیدوار کو 10 منٹ میں 1600 میٹر کی دوڑ کرنا لازم ہو گی۔خواتین امیدوار کی اہلیت کے لیے قد 5 فٹ اور 14 منٹوں میں 800 میٹر واک کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ تک امیدوار کی عمر 28 سال سے کم ہونا لازمی ہے۔