لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا آج ہائی وولٹیج ٹاکرا


لاہور(قدرت روزنامہ) پی ایس ایل 8میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ہائی وولٹیج ٹاکرا ہفتے کو ہوگا جب کہ میزبان ٹیم فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے پُرعزم ہے . پی ایس ایل 8میں لاہور قلندرز ہفتے کومجموعی طور پر پانچویں اور ہوم گراؤنڈ پر مسلسل چوتھی مسلسل فتح کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، ابھی تک ایونٹ کی کامیاب ترین ٹیم نے 6میں سے 5میچز جیتے ہیں، کپتان شاہین شاہ آفریدی کو جارح مزاج اوپنرز فخرزمان اور طاہر بیگ کی خدمات حاصل ہیں .


عبداللہ شفیق، سیم بلنگز اور حسین طلعت بھی چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،یہ سب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بڑی اننگز کھیلنے میں ناکامی کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے، مشکل وقت میں ناقابل شکست 71 رنز بنانے سے سکندر رضا کا اعتماد بلندیوں کو چھو رہا ہے .
ڈیوڈ ویزا اور راشد خان بھی اسکور میں تیزی سے اضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، گزشتہ میچز میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بولنگ لائن میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، زمان خان اور ڈیوڈ ویزا موجود ہیں، ان میں سے کسی ایک کی کارکردگی میں کمی آئی تو دوسروں نے چیلنج قبول کیا . راشد خان اور سکندر رضا کی اسپن کا جادو بھی چل رہا ہے .
ملتان سلطانز نے 6 میں سے 4 میچز جیتے، افتتاحی میچ میں ہوم گراؤنڈ پر لاہور قلندرز کے ہاتھوں مات ہوئی،دوسری شکست گذشتہ میچ میں کراچی کنگز نے دی،اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود تو اچھی فارم میں ہیں،مڈل آرڈر میں رائیلی روسو، ڈیوڈ ملر اور خوشدل شاہ کی ناکامی کے سبب پوری ٹیم 101رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی .
میزبان جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے پُرعزم،ٹاپ آرڈر سے بہتر بیٹنگ کی توقع ہے، لاہور قلندرز کی مضبوط بولنگ لائن کیخلاف ذمہ دارانہ کھیل کی ضرورت ہوگی، پیسر احسان اللہ کی کارکردگی میں تسلسل ہے، عباس آفریدی، انورعلی اور کارلوس بریتھ ویٹ کو بھی ان کا ساتھ دینا ہوگا،اسپن کے شعبے میں اسامہ میر متاثر کررہے ہیں، عقیل حسین ابھی تک توقعات پر پورا نہیں اترسکے .

. .

متعلقہ خبریں