وزیر خزانہ کا عازمین حج کیلئے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عازمین حج کے لیے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا۔ذرائع کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ملاقات میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودی عرب میں رقوم کی ادائیگی اور فاٹا اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدوں کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، اللّٰہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی، حج اسپانسر شپ اسکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کے لیے ہے۔
بیرون ملک سے غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اسکیم سے فائدہ اٹھاسکیں گے، اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے، دیگر 50 فیصد حج کوٹہ سرکاری، نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیے جانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
ریگولر حج اسکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حج درخواستیں جمع ہوں گی، موجودہ ڈالر ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی وزیر مذہبی امور درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کریں گے، سرکاری حج اسکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔