گوجرانوالہ میں شاندار تنظیمی کنونشن پر مریم نواز کی یوتھ ونگ کو شاباش


گوجرانوالہ(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے گوجرانوالہ میں شاندار تنظیمی کنونشن منعقد کرنے پر یوتھ ونگ کو شاباش دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گوجرانوالہ ڈویژن کا اجلاس مریم نواز کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں یوتھ ونگ گوجرانوالہ ڈویژن کی کارکردگی اور تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لیا گیا۔


مریم نواز نے کہا کہ گوجرانوالہ شیروں کا شہر تھا، ہے اور رہے گا، یوتھ ونگ کا جذبہ متاثر کن ہے، مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کی جماعت بن چکی ہے، مشکل حالات میں یوتھ ونگ نے جرات مندانہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، تعلیم و تربیت، جدید ٹیکنالوجی، ہنرمندی اور شعور نوجوانوں کی ترقی کے راستے ہیں، مشکلات سے لڑ کر زندگی میں مقام بنانا ہی ایک جوان کی شان ہوتی ہے۔


مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوان ہی ملک کی مستقبل کی قیادت ہیں، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے، نوجوانوں کو منظم قوت بنائیں گے، مریم نواز نے گوجرانوالہ کنونشن کے پنڈال کے باہر موجود نوجوانوں کے جذبے کو بھی سراہا۔
اس موقع پر یوتھ ونگ نے مریم نواز کو سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مبارکباد پیش کی، یوتھ ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں نے کہا کہ آپ کے حکم اور رہنمائی کے منتظر ہیں۔