تونیشا شرما خود کشی کیس میں شیزان خان کی ضمانت منظور
ممبئی(قدرت روزنامہ)آنجہانی بھارتی اداکارہ تونیشا شرما کو خودکشی کرنے پر مجبور کرنے کے الزم میں گرفتار اداکار شیزان خان کی ضمانت ہو گئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں اپنی مبینہ گرل فرینڈ، اداکارہ تونیشا شرما کو خودکشی پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیے گئے شیزان خان کو ہفتے کے روز مہاراشٹرا کی ایک عدالت نے ضمانت دے دی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیزان خان کو ضمانت 1 لاکھ روپے کے مچلکوں اور پاسپورٹ کے عوض دی گئی۔شیزان خان کو تونیشا شرما کی والدہ ونیتا شرما کی جانب سے خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام لگائے جانے کے بعد والیو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا تھا۔ونیتا شرما کے الزامات کے مطابق شیزان خان تونیشا شرما کو مارتے تھے اور اُنہیں اسلام قبول کرنے پر بھی مجبور کرتے تھے۔
بعد ازاں، شیزان خان کی بہن، اداکارہ فلک ناز نے دعویٰ کیا کہ تونیشا شرما کی والدہ نے اپنی بیٹی کو نظر انداز کیا، اسی وجہ سے آنجہانی اداکارہ ڈپریشن کا شکار ہوئیں۔31 دسمبر کو عدالت نے اداکار کو پولیس حراست ختم ہونے کے بعد 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔
بعد میں اداکار کی عدالتی حراست میں توسیع کر دی گئی تھی۔واضح رہے کہ 20 سالہ تونیشا شرما نے 24 دسمبر کو ڈرامہ سیریل ’علی بابا: داستانِ کابل‘ کے سیٹ پر ساتھی اداکار اور مبینہ سابق بوائے فرینڈ شیزان محمد خان کے میک اپ روم میں خودکشی کر لی تھی۔