پاکستان

وفاقی وزیرِ داخلہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی بولان دھماکے کی مذمت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے صوبے کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے، ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔عبدالقدوس بزنجو نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے حملہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

متعلقہ خبریں