بتایا جائے کیا ہمارے ایٹمی اثاثے دباؤ میں ہیں؟ رضاربانی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق چیئرمین سینیٹ اور موجودہ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے پاکستان کو ایسا کردار ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جو کہ قومی مفادات کے خلاف ہو، بتایا جائے کیا ہمارے ایٹمی اثاثے دباؤ میں ہیں؟
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کرنے پر آئی ایم ایف کی طرف سے پاوٴں کھینچنا اور چین کے سوا دوست ممالک کی ہچکچاہٹ پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے، ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کو ایسا کردار ادا کرنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے جو کہ قومی اور اسٹریٹجک مفادات کے خلاف ہے۔
انہوں ںے کہا کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ کیا ہمارے ایٹمی اثاثے دباوٴ میں ہیں؟ چین کے ساتھ ہمارے اسٹریٹجک تعلقات خطرے میں ہیں یا ہمیں خطے میں ایسا کردار ادا کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے جو سامراجی طاقت کی فوجی موجودگی کو آسان بنائے گا؟
انہوں ںے کہا کہ یہ سوالات مشترکہ پارلیمنٹ کے فلور پر وزیراعظم کے پالیسی بیان کے متقاضی ہیں، ٹی ٹی پی کے سوال اور دہشت گردی میں اضافے پر بھی حکومت کی طرف سے کوئی بحث یا بریفنگ نہیں ملی، لگتا ہے پی ٹی آئی ہو یا موجودہ حکومتیں پارلیمنٹ سے آزادی چاہتی ہیں۔