نوجوانوں کو سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا: مریم نواز


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا۔
چیف آرگنائز مسلم لیگ ن مریم نواز کی زیر صدارت یوتھ ونگ پنجاب کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں یوتھ ونگ کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور یوتھ ونگ کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اہم تنظیمی معاملات میں نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا، اجلاس میں یوتھ ونگ کے عہدیداروں کو اہم ٹاسک بھی تفویض کئے گئے، سوشل میڈیا پر یوتھ ونگ کی کارکردگی بہتر کرنے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجودگی کو زیادہ فعال بنانے کے لئے تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔


اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیئے، مسلم لیگ (ن) نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کتاب اور لیپ ٹاپ دیئے، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ہی پاکستان کی ترقی کی کلید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور تعلیم کے مواقع دیئے، نوازشریف نے نوجوانوں کے لئے یوتھ پروگرام شروع کیا، وزیراعظم شہبازشریف اس پروگرام کو مزید وسیع کر چکے ہیں، نوجوانوں کو تمام شعبوں میں آگے لائیں گے۔اجلاس میں شریک عہدیداروں نے یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا کو مزید بہتر بنانے کے لئے مریم نواز کو تجاویز پیش کیں۔