الیکشن کمیشن کا فنڈز اور سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کیلئے جلد وفاق سے رابطے کا فیصلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی میں انتخابات کیلئے فنڈز اور سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کے لئے وفاق سے جلد رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا،اجلاس میں ممبران، سیکرٹری اور دیگر ونگز کے حکام شریک ہوئے ۔
اجلاس میں پنجاب اورخیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا ، الیکشن کمیشن اجلاس کو پنجاب میں انتخابات کے شیڈول پر بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں دو صوبوں میں عام انتخابات کے لئے سکیورٹی اور درکار بجٹ پر بھی بریفنگ دی گئی ، ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے لئے تیاریاں جاری ہیں تاہم گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے خط کا ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔
الیکشن کمیشن کااہم اجلاس کل طلب
ذرائع کے مطابق عام انتخابات کی تیاریوں بارے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل پھر طلب کرلیا گیا ہے ، چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت کل دن بارہ بجے اجلاس ہوگا جس میں سیکرٹری، صوبائی الیکشن کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں تمام متعلقہ ونگز عام انتخابات کی تیاریوں بارے بریفنگ دیں گے، اجلاس میں بیلٹ پیپرز، انتخابی سامان، سیکورٹی اور ٹریننگ سمیت تمام امور پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ عام انتخابات سے متعلق اب تک ہونے والی تیاریوں کا جائزہ بھی لیاجائےگا۔واضح رہے کہ صدر مملکت نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل کو کرانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی ہیں ۔