مریم نواز، رانا ثناء اللّٰہ اور اعظم نذیر تارڑ کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں خارج
لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز، رانا ثناء اللّٰہ اور اعظم نذیرتارڑ کے خلاف توہین عدالت کی متفرق درخواستیں خارج کردی ہیں۔لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں مقامی وکیل کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔جسٹس شجاعت علی خان نے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیں۔
عدالتِ عالیہ نے مریم نواز، وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ اور وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ہے۔اس کے علاوہ لاہور ہائی کورٹ نے شاہزیب خانزادہ، حامد میر اور انصار عباسی کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی ہے۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے والے کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز پارلیمانی جمہوریت کی بات کرتی ہیں، انہیں خیال رکھنا چاہیے۔درخواست گزار کے وکیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز نے الفاظ کا چناؤ درست نہیں کیا، عدلیہ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔