راولپنڈی کی اطراف ، ڈینگی کے تدارک کا منصوبہ تیار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ضلع راولپنڈی کے محکمہ صحت نے ڈینگی کی ممکنہ نئی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈینگی کے خلاف مہم کے لیے کئی ایک اقدامات اٹھائے ہیں جن کا مقصد اس جان لیوا مرض کا پھیلاؤ روکنا ہے۔آفیشلز کے مطابق ڈینگی کے ممکنہ مراکز بننے والے علاقوں کی سخت نگرانی جلد شروع کی جائے گی جن میں پوٹوہار اور چکلالہ کینٹ کے علاقے شامل ہیں۔ ساتھ ہی روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے 2000 اور 1360 باقاعدہ دینگی اسٹاف کی تربیت مکمل کرلی گئ ہے۔ یہ منصوبہ بندی گزشتہ برس ڈینگی کے واقعات کے تحت کی گئی ہے۔
اس منصوبے کو ڈینگی مائیکروپلان کا نام دیا گیا ہے جن میں پوٹوہار کی اطراف کے گرجہ یونین کونسل، چک جلال دین، دھمیال، کلیال، رینالا اور چکلالہ سے پوٹوہار کے وہ علاقے شامل ہیں جو ڈینگی کے پھیلاؤ کے معاملے میں حساس ہیں۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صرف ایک کیس کی صورت میں بھی پورے علاقے کو حساس قرار دیا جائے گا۔
دوسری جانب مناسب اسپرے کرکے ڈینگی مچھروں اور ان کے لاروا کو تباہ کرنے کا منصبوبہ بھی اسی مائیکروپلان میں شامل ہے۔ دوسری جانب ضلع راولپنڈی کو ساتوں یونین کونسل میں اینٹی ڈینگی مہم چلائی جائے گی۔ محکمہ صحت کے مطابق اس سال جنوری اور فروری میں ٹیموں نے 12 لاکھ گھروں اور 5 لاکھ دیگر مقامات کا جائزہ لیا اور 712 گھروں اور ان سے باہر 141 بیرونی مقامات سے ڈینگی مچھر کے لاروا پکڑے ہیں یا ان کی نشاندہی کی ہے جبکہ 42 بالغ مچھروں کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔