میں نے اور رانا ثناء نے عمران خان کیلئے ایک انجیکشن تیار کر رکھا ہے، عطا تارڑ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان پر فرد جرم تو عائد ہونا ہے، میں نے اور رانا ثنا اللّٰہ نے عمران خان کیلئے ایک انجیکشن تیار کررکھا ہے۔عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کی تمام کارروائیاں لائیو دکھائی جائیں، عمران خان آہستہ آہستہ ذہنی مریض بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا احتساب ہوکر رہے گا، فرح گوگی اور کپتان لوٹ کر کھا گئے سارا پاکستان۔عطا تارڑ نے نے کہا کہ ملزم کی پیشی یقینی بنانےکیلئے وارنٹ جاری کیے جاتے ہیں، جو ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوتا، عدالتیں اس کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ ایک طریقے سے عدالت آئیں گے تو سیکیورٹی دینا آسان ہوگی، عمران خان آپ خود اپنی سیکیورٹی رسک پر ڈال رہےہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، عمران خان پچھلی بار سادہ کپڑوں میں گلگت بلتستان کے پولیس اہلکار ساتھ لائے جو مسلح تھے۔