عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے والا کیس ختم ہو گیا، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے والا کیس آج ختم ہو گیا۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے پر ازخود نوٹس لیا تھا، وکیل آفاق احمد نے بھی ان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست دی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نےعمران خان کو نوٹس دیا کہ کیوں نہ آپ کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹائیں، ہم نے اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے سے روکا تھا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم نے آج الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا، جس کے بعد کیس خارج کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے کہا کہ کیس ختم ہے اور آئندہ کی کوئی تاریخ نہیں دی۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا کہ آفاق احمد والا ایک کیس ختم ہے اور باقی چلیں گے۔