موبائل فونز چھیننے میں اضافہ ہو رہا ہے، پشاور کو کراچی مت بننے دیں، ہائیکورٹ
پشاور(قدرت روزنامہ) ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ پشاور میں موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، پشاور کو کراچی بننے مت دیں۔ ایک مغوی کی بازیابی کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں دائر کردہ کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سید سکندر حیات شاہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مغوی کو بازیاب کرایا گیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ مغوی کو بازیاب کرالیا گیا، پشاور میں موبائل چھیننے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، پشاور کو کراچی مت بننے دیں، شہر کو عوام کے لیے محفوظ بنائیں، کوئی بھی کام ناممکن نہیں، آپ کو کوشش کرنا چاہیے۔
عدالت نے مزید کہا کہ جن اہل کاروں نے مغوی کی بازیابی میں حصہ لیا انہیں انعام بھی دیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔