بلاول بھٹو بھارت کا دورہ کریں گے یا نہیں، بتا دیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ وزیرِ خارجہ کے بھارت میں ایس سی او اجلاس میں شرکت کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، بلاول بھٹو بھارت کا دورہ کریں گے یا نہیں، فیصلہ ہوتے ہی بتا دیا جائے گا۔اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے جس کے ناقابل تردید شواہد ہیں، بھارت پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کرانے کا بڑا ذریعہ ہے۔
’امریکا سے انسداد دہشت گردی پر اہم مشاورت ہوئی‘
انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی پر اہم مشاورت ہوئی، 2016 کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی پر ڈائیلاگ ہوا، دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیاء پیسیفک میں ہونے والی گروپ بندی کو دیکھ رہا ہے، پاکستان کسی ملک کے خلاف بننے والے ممالک کی گروپ بندی کے خلاف ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیری خواتین پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیر میں 20 سال میں 682 خواتین قتل، 11 ہزارکی عصمت دری کی گئی۔
’وزیرِ اعظم نے امیر قطر کی دعوت پر قطر کا اہم دورہ کیا‘
دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر قطر کا اہم دورہ کیا، قطر کانفرنس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی نقطہ نظر رکھا، شہباز شریف نے امیر قطر سے ملاقات کر کے تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
’وزیرِ خارجہ امریکا کے اہم دورے پر ہیں‘
انہوں نے کہا کہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکا کے اہم دورے پر ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر مظالم پر بات کی، انہوں نے اسلام میں خواتین کے حقوق اور کردار پر کانفرس سے خطاب کیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کےدورے کریں گی، وہ 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرس میں شرکت کریں گی اور برطانیہ میں کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں شرکت کریں گی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزارت خارجہ میں افغان امور کے لیے خصوصی ڈیسک کام کر رہا ہے، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری احسن شاہ افغان امور سر انجام دے رہے ہیں۔میڈیا بریفنگ کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ بھارتی رہنما نے کہا ہے آزاد کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور جلد اکھنڈ بھارت بن جائے گا۔
’ آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا‘
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے بھی غیرقانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا، وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے ذریعے ظلم کر رہا ہے، کشمیر بین الاقوامی متنازع علاقہ ہے، بھارتی رہنما اپنے سیاسی عزائم کے لیے بین الاقوامی تنازعات پر گفتگو سے پرہیز کریں۔
ایک اور صحافی نے ترجمان سے سوال کیا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو افغانستان کا دورہ کیوں نہیں کر رہے؟
’جب مناسب وقت ہوگا تو وزیر خارجہ دورہ کریں گے‘
ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر پہلے ہی افغانستان کا دورہ کر چکی ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف بھی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ افغانستان کا دورہ کر چکے ہیں، جب مناسب وقت ہو گا تو وزیرخارجہ بلاول بھٹو بھی افغانستان کا دورہ کریں گے۔