گورنر کے پی نے انتخابات کی تاریخ نہ دی تو سپریم کورٹ جائیں گے، شاہ محمود


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی گورنر کے پی تاریخ نہیں دے رہے، انتخابات کی تاریخ نہ دی تو سپریم کورٹ جائیں گے۔سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کی اجازت سے الیکشن کمیشن حاضر ہوئے، الیکشن کمیشن حکام سے اچھے ماحول میں بات ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں تحفظات اور خدشات کا ذکر کیا اور صاف شفاف انتخابات پر بات کی، الیکشن کمیشن پر شفاف الیکشن کی بہت بڑی ذمے داری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقات میں آر اوز پر کس حد تک اعتبار کرسکتے ہیں اس پر بھی بات ہوئی، ہم نے کل لاہور میں ہونے والا واقعہ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گورنر کے پی کے کوئی تاریخ نہیں دے رہے، اگر مذید کچھ عرصہ انتخابات کی تاریخ نہ دی گئی تو ہم توہین عدالت میں سپریم کورٹ چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بات تحمل سے الیکشن کمیشن نے سنی، ہم تمام ملاقات سے اپنے چیئرمین کو آگاہ کریں گے، میں اس ملاقات سے مطمعین ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ 71 فیصد عوام فوری انتخابات چاہتے ہیں، پی ٹی آئی ملک کو دلدل سے نکالنا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ شہید کے والد کی ایف آئی آر کی خواہش تو پوری کردیں۔