عمران خان کی تقریر کی آزادی عوام کے حقوق کی آزادی ہے، فواد چوہدری


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر کی آزادی عوام کے حقوق کی آزادی ہے۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی کا حکم معطل ہماری بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 میں شہریوں کو حقوق دیے گئے ہیں، عمران خان کی تقریرکی آزادی عوام کے حقوق کی آزادی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے عوام کے حقوق کو اہمیت دی ہے، حقوق کی لڑائی میں بول نیوز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عدلیہ پر دباؤ ناقابل قبول ہے، اس وقت عدلیہ بچاؤ مہم اہم ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت کم ظرف لوگ حکمران ہیں، جب کم ظرف لوگوں کو کرسیاں ملتی ہیں تو ایسی ہی حرکتیں کرتے ہیں۔ پنجاب کابینہ کے وزیروں کو پاکستان میں نہیں رہنا۔اس سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات حسان خاور نے کہا کہ ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی، لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین عمران خان کی تقاریر پر لگائی گئی جابرانہ پابندی کا حکم معطل کردیا۔حسان خاور نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کے دلوں کی آواز ہیں اور آپ اس آواز کو دبا نہیں سکتے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر پر پابندی کا حکمنامہ معطل کردیا۔پیمرا کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر نشر کیے جانے پر پابندی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔عدالت نے عمران خان کی تقاریر پر پیمرا کا پابندی کا حکمنامہ معطل کرتے ہوئے پیمرا کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔