وزیراعلی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیراعلی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیراعلٰی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری کے خلاف چیک ڈس آنر کیس میں فوجداری کارروائی کی سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر نے غیرحاضری پر وزیراعلٰی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری میر عمران تاج گچکی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔میر عمران تاج گچکی نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جو مسترد کردی گئی۔
عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے میر عمران تاج گچکی کو 13 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا۔میر عمران تاج گچکی کے خلاف 3 کروڑ 85لاکھ روپے کا چیک ڈس آنر پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیاگیاتھا۔ عدالت نے میر عمران تاج گچکی کو بیان قلمبند کروانے کے لیے طلب کررکھاتھا۔