حج پالیسی 2023 کی منظوری؛ حج درخواستوں کی وصولی 16 مارچ سے شروع ہوگی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دے دی جبکہ حج درخواستوں کی وصولی 16 مارچ سے شروع ہوگی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ حج پالیسی 2023 میں مفت حج کی کوئی گنجائش نہیں ہے پاکستانی عازمین کیلیے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مختص ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی علاقہ جات کیلیے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ جنوبی علاقوں کیلیے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہے، اگر پیسے بچ گئے تو حجاج کرام کو واپس کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عازمین حج سے صرف ضروری اخراجات لیے جاتے ہیں، ہمارے درخواست پر سعودی حکومت نے حج اخراجات میں کمی کی، سعودی عرب میں ٹیکس بڑھنے سے اخراجات میں اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا روپے کی قدر کم ہونے سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا، عازمین حج کو تمام سہولیات فراہمی کیلیے اقدامات کیے گئے ہیں، رواں سال عازمین حج کو مٹی و مزدلفہ میں ٹرین کی سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے حج اخراجات بھارت اور بنگلہ دیش سے کم ہیں، انڈیا میں حج اخراجات ساڑھے 13 لاکھ روپے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ حج اسکیم متعارف کرائی ہے۔