ملک میں آئینی اور قانونی بحران شدید ترین ہوتا جارہا ہے، شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی اور قانونی بحران شدید ترین ہوتا جارہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے ملک کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔


انہوں نے کہا ہے کہ کے پی کے میں فضل الرحمان کے سمدھی کی حکومت پنجاب میں زرداری کےفرنٹ مین محسن نقوی کی حکومت ہے اور خیبرپختونخوا سے الیکشن کی تاریخ نہیں آئی ہے اور انتخاب سے انحراف بڑی تباہی کا پیش خیمہ ہوگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا بوجھ شہباز شریف کے گلے میں ڈال رہا ہے کیونکہ ہم قطراوراقوام متحدہ میں سیکورٹی دے سکتے ہیں لیکن اپنے ملک کے الیکشن میں نہیں ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئینی قانونی بقاء 90 دن میں انتخاب کروانے میں ہے ورنہ ہیجان اورغیر یقینی ہے لیکن ملک میں آئینی اور قانونی بحران شدید ترین ہوتا جارہا ہے جس کے لئے سپریم کورٹ آخری امید ہے کہ آئین قانون اور اپنی عزت کو بچائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا فیصلہ آنے تک بجلی 14.24 تک فی یونٹ مہنگی ہوجائے گی اور بلآخر یا غریب مرے گا یا سڑکوں پر آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے، ہر ایک نے انگوٹھا رکھ کر اپناحصہ لے لیا ہے، فضل الرحمان نے ہاؤسنگ، مذہبی اموراور مواصلات دبوچ لیں ہیں جس کے بعد ملک اقتصادی انتظامی اور سماجی بحران میں آگیا ہے۔