کراچی: موٹر سائیکل چوری و چھیننے کی وارداتوں میں 100 سے زائد گینگز متحرک ہونے کا انکشاف


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتیں کرنے والے 100 سے زائد گینگز متحرک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق اے وی ایل سی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں 70 فیصد موٹر سائیکلیں چوری کرکے منشیات کے عوض فروخت کی جارہی ہیں جبکہ چوری اور چھینی گئیں محض 30 فیصد موٹر سائیکلیں بلوچستان اور اندورن سندھ بھیجی جارہی ہیں۔
اے وی ایل سی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ منشیات کی لت میں مبتلا نوجوان یومیہ درجنوں موٹرسائیکلیں انفرادی طور پر چوری کر رہے ہیں۔ نشے کے عادی افراد منشیات کے اڈوں پر چوری شدہ موٹر سائیکلیں دے کر منشیات اور کچھ رقم لیتے ہیں۔اے وی ایل سی حکام کا مزید کہنا ہے کہ موٹر سائیکلیں چھیننے والوں میں خضداری گروپ، شیخ گینگ، کھوکھر گینگ، مٹھل ابڑو، بروہی گروپ اور محبوب گوپانگ و دیگر شامل ہیں۔
اے وی ایل سی حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلیں پاک کالونی، کورنگی، سپر ہائی وے سمیت بیشتر علاقوں میں قائم منشیات کے اڈوں پر نشے کے عوض فروخت ہورہی ہیں۔اے وی ایل سی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے چھینی گئی موٹر سائیکلیں مستقل بنیادوں پر بلوچستان خضدار میں لگنے والے بازار میں فروخت ہورہی ہیں۔ ملزمان خواتین کا سہارا لے کر بھی شہر سے باہر موٹر سائیکلیں منتقل کررہے ہیں۔
اے وی ایل سی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک کراچی میں 10 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی جاچکی ہیں۔