کراچی؛ غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں آتشزدگی، 18 دکانیں اور کارخانے خاکستر


کراچی (قدرت روزنامہ) غریب آباد کی فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگنے سے 18 دکانیں اور کارخانے جل کر خاکستر ہوگئے جب کہ لاکھوں روپے کا فرنیچر اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری ایکسپریس سے عیسیٰ نگری کے قریب غریب آباد کی فرنیچر مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، آگ کی شدت میں اضافے کے پیش نظر فائر بریگیڈ کی مزید 5 گاڑیوں کو طلب کیا گیا، 4 گھنٹے بعد فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پایا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے آگ مارکیٹ کے ایک کارخانے میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اطراف کی دکانوں اور کارخانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی شدت میں اضافے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 4 گھنٹے کی محنت کے بعد فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا، آگ کے نتیجے میں فرنیچر مارکیٹ میں موجود لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، فرنیچر مارکیٹ کی 18 دکانیں اور کارخانے جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ مجموعی طور پر 45 دکانوں اور کارخانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
فرنیچر مارکیٹ میں لگنے والی آگ کے باعث واٹر بورڈ کے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کی گئی، پانی سے بھرے متعدد ٹینکرز حادثہ کے مقام پر روانہ کیے گئے تاکہ آگ پر جلد از جلد قابو پایا جا سکے۔دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا ایڈمنسٹریٹر کراچی کو فون کرکے غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا، گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ آگ بجھانے کے لیے شہر کے تمام فائر ٹینڈر بھجوائے جائیں، آگ بجھانے کے لیے اضافی واٹر ٹینکرز کا انتظام کیا جائے۔