عمران خان اپنے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو ناکام بنانے کی کوشش کررہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو ناکام بنانے کی کوشش کررہا ہے، سڑکوں پر افراتفری اور فتنہ و فساد اسی ایجنڈے کا حصہ ہے۔اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بزدل شخص عدالت کو تلاشی نہیں دیتا کیونکہ وہ مجرم ہے، عمران خان چاہتا ہے کہ ملک میں عدم استحکام کی آگ بھڑکے وہ یہ نہیں چاہتا کہ غریب عوام کو مہنگائی، معاشی دباﺅ سے نجات ملے اور پاکستان کے لیے وسائل کی راہ ہموار ہو۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا عدالتوں سے بھاگنا بزدلی کی انتہاء ہے، پہلے آئی ایم پروگرام سے بھاگ گئے، اب عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں اپنے وعدوں اور نظریات سے بھاگ گئے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے بد ترین انتقام کا سامنا کیا ہے، ہم اپنے بیٹوں، بیٹیوں اور بہنوں سمیت جھوٹے مقدمات میں عدالتوں اور قانون کے آگے پیش ہوئے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما سزائے موت کی چکیوں میں رہے، ہیروئن جیسے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔