پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا، رویت ہلال کمیٹی نے امکان ظاہر کردیا


لاہور(قدرت روزنامہ) رویت ہلال ریسرچ کونسل کے ماہرین کا کہنا ہے پاکستان میں پہلا روزہ 23 مارچ کو ہونے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ بدھ 22 مارچ کی شام ہلال کی رویت کا امکان انتہائی کم ہے، نیا چاند منگل 21 مارچ 2023 کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔
29 شعبان المعظم یعنی بدھ 22 مارچ 2023ء کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو کم از کم 19 گھنٹوں سے زائد ہوگی تاہم دیگر موسمی کیفیات کے باعث پاکستان میں بدھ 22 مارچ کی شام ہلال کی رویت کو آنکھ سے بہ آسانی دیکھنا ممکن نہیں ہوگا، اِس طرح پاکستان میں یکم رمضان المبارک 23مارچ 2023ء کو ہونے کا امکان انتہائی کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی علاقے میں مطلع انتہائی شفاف ہوا تو وہاں ہلال کی رویت کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا البتہ پہلا روزہ جمعتہ المبارک 24 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔