کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں کل سے سمندری ہوائیں چلنے اور چند ہفتے تک شہر کا موسم بہتر رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ رمضان کے پہلے اور دوسرے عشرے میں ملک میں موسم بہتر رہے گا . موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق سندھ میں بیشتر مقامات پر چند دنوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے .
جواد میمن کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے .
دوسری جانب ملک کے بیشتر مقامات پر مارچ، اپریل اور مئی میں معمول سے زائد درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے . جواد میمن کا کہنا ہے کہ مارچ اور اپریل میں مغربی ہواؤں کے 2،2 سسٹمز ملک پر اثر انداز ہوسکتے ہیں . موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق ملک میں مغربی ہواؤں کے سسٹمز آنے سے پہلے درجہ حرارت زائد رہیں گے .
جواد میمن کا کہنا ہے کہ سسٹمز کے باعث بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، مارچ میں غیر معمولی بارشوں کی بھی پیش گوئی ہے . ملک میں 12 مارچ کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے .
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ 14 یا 15 مارچ تک مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک پر اثر انداز رہے گا، 18 سے 22 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک اور سسٹم ملک پر اثر انداز ہونے کا بھی امکان ہے . جواد میمن کے مطابق خیبرپختونخوا، وسطی و بالائی پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں کا امکان ہے .
جواد میمن کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے باعث ملک کے 80 سے 90 فیصد علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے .