عمران خان کارکنوں کو ڈھال کے طور پراستعمال کر رہے ہیں: عظمی بخاری
فیصل آباد (قدرت روزنامہ) ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان رانا ثناء سے چُھپ کر گھر میں بیٹھے ہیں اور کارکنوں کو ڈھال کے طورپر استعمال کر رہے ہیں۔ترجمان پنجاب مسلم لیگ ن عظمی بخاری نے نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی بلال عرف ظل شاہ کی ہلاکت پولیس تشدد سے نہیں بلکہ روڈ ایکسیڈنٹ میں ہوئی، متوفی گزشتہ روز پولیس کی تحویل میں جاتے ہوئے واش روم جانے کا بہانہ بناکر گاڑی سے اترا اور فرار کی کوشش کے دوران پی ٹی آئی کے ایک رہنما کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا ہے ۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے واقعے کو قتل کا رنگ دینے کی کوشش کی ، عمران خان لوگوں کی لاشوں کا تماشہ بناتے ہیں، تمام چیزیں دیکھ کر فیصل واوڈا یاد آتےہیں۔انہوں نے یاسمین راشد کو ’عورتوں کی عمران خان‘ کا نام دے دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے سفید بالوں کا بھی خیال نہیں، انہوں نے خواتین کو عمران خان کی ڈھال اور علی بلال کی لاش کو عمران خان کی سیاست کے لیے استعمال کیا۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلی نے آئی جی پنجاب کے ساتھ مل کر حقائق سامنے رکھے، پی ٹی آئی کارکن کے بارے میں وڈیو ایڈیٹ کرکے چلائی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو موت یاد نہیں، یہ قتل پر سازشیں کرتےہیں،لاشوں پر سیاست کرتے ہیں، یہ ظل شاہ کی فیملی کوتکلیف ہے، عمران خان کو کوئی تکلیف نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لیڈر اور گیدڑ کا فرق پوری قوم دیکھ رہی ہے، عمران خان کیلئے کوئی کیوں مرے ؟ ان کے بچے توباہر بیٹھے ہیں، عمران خان کے زخم اس نوعیت کےنہیں کہ اس پر پلاسٹر لگے، ورکرز عمران خان کیلیے کیوں مار کھار ہےہیں؟
انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کی اخلاقیات کو آلودہ کردیا، عمران خان ڈھٹائی کے ساتھ اس حکومت سے معاشی حالات کا جواب مانگتے ہیں ، قوم کو عمرانی فتنوں، جھوٹ اور لاشوں کی سیاست کا نوٹس لیتے ہوئے آئندہ انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے اسے اٹھا کر باہر پھینک دینا چاہیے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی آئی ایم ایف سے قوم کو نجات دلائی تھی آئندہ بھی ملک و قوم کو اس کے چنگل سے نجات دلائیں گے ، اب پاکستانی قوم کو اگلے پانچ سال کیلئے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ دوبارہ توشہ خانہ لوٹنے والے گھڑی چور، فارن فنڈنگ میں ملوث منی لانڈرر، معیشت کے دشمن کو اپنے اوپر مسلط کرنا چاہتے ہیں یا اپنے بچوں کو محفوظ مستقبل اور روشن پاکستان دینا چاہتے ہیں۔