آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ملاقات
مظفر آباد (قدرت روزنامہ) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی، جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردارعبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی جس میں بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، مقبوضہ وادی میں جاری یکطرفہ بھارتی اقدامات اور ایل او سی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی نے ساری زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے لوث جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو یقین دلایا کہ پاک فوج کشمیر کاز کیلئے کشمیریوں مکمل حمایت جاری رکھے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سردارعبدالقیوم نیازی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
PM Azad Jammu & Kashmir @AqayyumniaziPTI called on Chief of Army Staff General Qamar Javed Bajwa.
During the meeting, situation in Indian Illegally Occupied Jammu & Kashmir including continued Indian unilateralism in IIOJK & situation along Line of Control were discussed.
1/3 pic.twitter.com/baREcRUv0L— PTI Azad Kashmir (@PTIAJK_Official) September 4, 2021
اس موقع پر سردار عبدالقیوم نیازی نے آزاد جموں وکشمیر میں سیکورٹی وترقی کے لئے پاک فوج کے کردار کی تعریف بھی کی۔ یاد رہے کہ آج سے ایک ماہ قبل پاکستان تحریک انصاف کے سردار قیوم نیازی آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی کو 33 ووٹ ملے جس کے بعد وہ آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔