آج پُرامن ریلی نکلے گی اور عمران خان قیادت کریں گے، شاہ محمود قریشی


لاہور(قدرت روزنامہ) رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پُرامن ریلی نکلے گی اور عمران خان اس کی قیادت کریں گے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر شپ کے اجلاس میں عمران خان کے فیصلے کے مطابق آج لاہور میں پرامن ریلی نکالی جائی گی جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔
شاہ محمود نے کہا کہ مریم کو ہر چیز کی اجازت ہے اور ہمیں آئینی اور قانونی حق سے روکا جا رہا ہے، یہ کھلا تضاد ہے اسی لیے ہم الیکشن میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاشیں گرا کر انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہے اور نگران وزیر اعلیٰ کہہ دیں کہ وہ پی ڈی ایم کے وزیر اعلیٰ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے آج پھر 144 نافذ کردی جس کا کوئی جواز نہیں بنتا تاہم آج کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصٓف کی انتخابی مہم روکنے کے لیے 144 لگائی گئی ہے لہٰذا اس سلسلے میں یاسمین راشد اور اسلم اقبال آج صبح 10 بجے الیکشن کمیشن کے آفس جایئں گے اور درخواست کریں گے کہ ریلی روکنے کا کوئی جواز نہیں اس پر ایکشن لیا جائے۔
شاہ محمود نے کہا کہ وکلاء کی ٹیم کے ذریعے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے درخواست کریں گے کہ 144 کا نفاذ ختم کروایا جائے، بابر اعوان سپریم کورٹ میں بھی اپیل کریں گے اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات بھی کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ آج جیل روڈ آفس میں 12 بجے پریس کانفرنس کریں گے، انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ 2 بجے سے پہلے زمان پارک پہنچیں اور پرامن رہیں، قانون ہاتھ میں نہیں لیں۔
دوسری جانب رہنما تحریک انصاف چوہدری فواد حسین نے ٹویٹ کیا کہ وہ پنجاب حکومت کے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں، یہ لوگ زندگی میں کوئی الیکشن نہیں لڑے صرف سازشوں سے عہدے حاصل کر کے بیٹھے ہیں، الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے 144 لگانے کے عمل کو کالعدم قرار دے لہٰذا ریلی پروگرام کے مطابق ہو گی۔