پیپلز پارٹی سندھ کو توڑنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، سید زین شاہ


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کو پیپلز پارٹی نے پچھلے 15 سالوں میں بیچ دیا ہے اور اب اس کو توڑنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔کراچی کے نجی اسپتال سے جاری ایک بیان میں سید زین شاہ نے کہا کہ پچھلے 9 دن سے طبیعت بہت زیادہ خراب تھی، اب بہتری کی جانب گامزن ہوں، پھیپھڑوں کا عارضہ ہے، ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ طبیعت بہتر ہونے میں کافی وقت لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ طبیعت خرابی کی وجہ سے سندھ مارچ کو ادھورا چھوڑنا پڑا، 16 دن سکھر سے نواب شاہ تک پیدل مارچ کیا، دوست ابھی تک مارچ کر رہے ہیں، جی ڈی اے والے دوست بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔سید زین شاہ کا کہنا ہے کہ سارے وطن دوست، سندھ دوست اور ملک دوست کو کہتا ہوں کہ ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں، پیپلز پارٹی سے نجات اور اس کرپٹ سسٹم سے جان چھڑانے کے لیے ہمیں مل کر نکلنا ہو گا۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی گزشتہ 15 سالوں سے حکمرانی کسی قربانی کی وجہ سے نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے ہے، جو ملک کی معیشت اور سندھ کے جغرافیہ کے لیے بہتر نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ تمام طبقات اور خصوصاً سندھ میں رہنے والے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس ناسور اور کینسر پیپلز پارٹی سے جان چھڑانے کے لیے اس کو سیاسی طور پر روٹ آؤٹ کیا جائے۔سید زین شاہ نے یہ بھی کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے گزارش کرتا ہوں کہ یہ آپ کی وجہ سے پیپلز پارٹی ہم پر مسلط ہے، آپ ان کی سرپرستی بند کریں۔