عمران خان کا ہر سیاسی تماشا ناکام ہوا، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا ہر سیاسی تماشا ناکام ہوا، وہ ایک عرصے سے ملک کا امن و امان خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ایک بہروپیا اور فراڈ ہے جس نے 4 سال میں ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی نااہل حکومت کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے گندے سیاسی کاروبار کے لیے ماؤں کی گود اجاڑیں گے، اقتدار کے خاتمے پر سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا۔مریم اورنگزیب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سائفر کا ڈرامہ خارجہ تعلقات پر اثر انداز ہوا، اب سائفر کے معاملے پر امریکا سے معافیاں مانگ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اب امریکا کو صفائیاں پیش کر رہے ہیں، انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاشوں پر سیاست کی تاکہ ملک میں افراتفری پھیلے، میڈیا کارکنوں پر بھی بدترین تشدد کرایا گیا۔