آئی ٹیونز کے پاکستانی میوزک کو ’انڈین پاپ‘ کہنے پر مہوش حیات کی تنقید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے آئی ٹیونز کی جانب سے پاکستانی کوک اسٹوڈیو کو ’انڈین پاپ‘ قرار دینے پر تنقید کی ہے۔آئی ٹیونز مشہور کمپنی ایپل اِنک کا ایک سافٹ ویئر پروگرام ہے جو بطور میڈیا پلیئر، میڈیا لائبریری، موبائل ڈیوائس مینجمنٹ یوٹیلیٹی اور کلائنٹ ایپ کام کرتا ہے۔

مہوش حیات نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر آئی ٹیونز سے کچھ اسکرین شاٹس لے کر شیئر کیے ہیں۔اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’میں نے ابھی نوٹس کیا ہے کہ آئی ٹیونز نے پاکستانی میوزک کو ’انڈین پاپ‘، ’ایشیاء‘ یا پھر’ورلڈ وائڈ‘ قرار دیا ہے، یعنی کچھ بھی کہہ لو لیکن پاکستانی میوزِک نہیں کہا۔

مہوش حیات نے یہ بھی لکھا ہے کہ کوک اسٹوڈیو پاکستان کی کامیابی ہے اور ہم اس بات کے حق دار ہیں کہ ہماری کامیابی کو تسلیم کیا جائے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس معاملے پر آواز اٹھانے کے لیے مہوش حیات کو سراہا جا رہا ہے۔