ہم ان کی چال میں نہیں پھنسیں گے، شاہ محمود قریشی


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم ان کی چال میں نہیں پھنسیں گے۔زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیا یہ چاہتے ہیں کہ ہم مشتعل ہوجائیں؟ ہم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ صرف تحریک انصاف کےلیے ہے، یہ فساد چاہتے ہیں اور ہم انتخابات چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ یہ خون خرابہ چاہتے ہیں اور ہم پُرامن ریلی کا انعقاد چاہتے ہیں، ظل شاہ کو شہید کیا گیا اس کے باوجود ہم پُرامن رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ریلی ملتوی کردی، عمران خان کل ریلی نکالیں گے، عمران خان، پی ٹی آئی اور کارکنوں کے ساتھ امتیازی سلوک بڑھتا جارہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہم ان کی چال میں نہیں پھنسیں گے، ہم نے آج کی ریلی کو کل تک کےلیے ملتوی کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کی ہے، عمران خان نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ پُرامن رہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم منشتر ہو رہے ہیں رات کو پھر جمع ہوں گے۔