کراچی میں چائے کے ایک اور ہوٹل پر لوٹ مار، فوٹیج وائرل
کراچی(قدرت روزنامہ) کراچی میں چائے کے ایک اور ہوٹل اسٹریٹ کریمنلز کا نشانہ بن گیا، ڈاکووں نے لوٹ مارکی جس کی فوٹیج وائرل ہوگئی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اس بار صدر زیب النسا اسٹریٹ پر واقع چائے کا ایک ہوٹل نشانہ بنا جس میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین سے چار ملزمان نے لوٹ مار کی اور نہایت اطمینان کے ساتھ الگ الگ ٹیبلوں کے گرد بیٹھے نو سے دس افراد سے ایک ایک کرکے موبائل اور پرس چھینتے رہے۔
اس دوران ایک ایک کرکے چار سے پانچ شہری بھاگ نکلے جنہیں دور سے ڈاکو پستول دکھا کر رکنے کا کہتے رہے جیسا کہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے۔ملزمان نے اپنے چہرے چھپائے ہوئے تھے، واردات کے دوران قریب سے گاڑیاں بھی گزرتی رہی تاہم ڈاکوؤں کے اطمینان میں فرق نہ آیا اور وہ اپنا مقصد پورا کرکے آسانی کے ساتھ فرار ہوگئے۔