بارکھان واقعہ: اغوا اور قتل کے الزام میں قید صوبائی وزیر ضمانت ملنے پر رہا


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بی بی گراں ناز اور اس کے بچوں کے اغوا اور نامعلوم خاتون سمیت 3 افراد کے قتل کے ملزم بلوچستان کے وزیر مواصلات و تعمیرات عبدالرحمان کھیتران کو ضمانت ملنے پر ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ سے رہا کر دیا گیا۔رکھنی کی عدالت نے 10 مارچ کو قتل اوراغوا کےکیس میں صوبائی وزیر کی دس لاکھ روپے میں ضمانت منظور کی تھی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بارکھان کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹر کٹ جیل کوئٹہ کو لکھے گئے حکم نامے میں کہا گیا کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کی ضمانت منظور ہونے کے بعد انہوں نے دس لاکھ روپے کی ضمانت عدالت میں جمع کروا دی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ اگر وہ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں جیل سے رہا کردیا جائے، جس کے بعد ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ نے سردارعبدالرحمان کھیتران کو رہا کر دیا ۔ صوبائی وزیر کی رہائی کے موقع پر جیل کے باہر کھیتران قبائل کے عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ بلوچستان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بارکھان واقعے میں سردار عبد الرحمان کھیتران نے خود گرفتاری پیش کی۔