اسلام آباد کی عدالتوں میں عمران خان کیخلاف کل دو اہم کیسز کی سماعت ہوگی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسلام آباد کی عدالتوں میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کل دو اہم کیسز کی سماعت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ بیٹی کو ظاہر نا کرنے پر نااہلی کیس کی سماعت ہائی کورٹ جبکہ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس میں سیشن کورٹ نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
مبینہ بیٹی ٹیریان کو ظاہر نا کرنے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ کرے گا۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب طاہر بھی بینچ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ عدالت نے پٹیشن میں ترمیم کی شہری کی درخواست پر نوٹس جاری کیے تھے۔ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر بھی دلائل طلب کیے ہیں جبکہ ساجد نامی شہری نے عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی تھی۔
دوسری جانب توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کریں گے۔ سیشن کورٹ نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔ہائی کورٹ نے عمران خان کی سیشن کورٹ میں عدم پیشی پر قانونی کارروائی آگے بڑھانے کا حکم الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کی کمپلیننٹ فائل کی ہے۔