مریم نواز سے متعلق ٹوئٹ ، ایف آئی اے سائبر کرائم نے فواد چودھری کو طلب کرلیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کو نوٹس جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کو نوٹس ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے خلاف ٹوئٹ پر انکوائری کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم نے فواد چوہدری کو 17 مارچ کو طلب کرلیا۔
سائبر کرائم میں فواد چوہدری کے خلاف اسلام آؓباد کے رہائشی محمد ہارون نے درخواست دی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائدکیا۔فواد چوہدری نے 12مارچ کو شب 9بجکر 42 منٹ پر اشتعال انگیز اور جھوٹا ٹوئٹ جاری کیا جس میں پرائیویسی قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔ ٹوئٹ کے ذریعے مریم نواز کے خلاف عوام کو بڑھکایا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری ہوچکا ہے اس میں مریم نواز کے گھڑی لینے کا کوئی ذکر نہیں۔ دھمکی آمیز اور قانون کے منافی ٹوئٹ کرنے پر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‏مریم نواز کی ٹوئٹر پر دھمکی کے گھنٹوں کے اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا۔ اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پر معطل ہوچکے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ان معاملات پرخاموشی تباہ کن ہے۔ چیف جسٹس صاحب معاملات پر خاموشی آئین کو معطل کرنے کی منظوری ہوگی۔