عدالت کے بلانے پر عمران خان پلاسٹر دکھاتا ہے اور جلسے کیلیے تیار رہتا ہے، مریم نواز
لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان عدالت کے طلب کرنے پر پلاسٹر دکھا دیتا ہے اور جلسے میں جانے کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہے، نواز شریف بیٹی کے ہمراہ جیل گئے جب کہ عمران خان قوم کی بیٹیوں کو ڈھال بناتا ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو کوئی بیرونی خطرہ نہیں ہے پاکستان کو پولیٹیکل پولرائزیشن کا خطرہ ہے، جب ملک کی بات ہو تو کسی بات پر سمجھوتا نہیں ہوگا، ملک و قوم کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورمیں ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، عمران خان نے اپنی حفاظت کے لیے لوگوں کے بیٹوں اور بیٹیوں کو ڈھال بنایا ہواہے، عمران خان کہتے ہیں کہ مریم کو انتخابی مہم کی اجازت ہے اور مجھے نہیں خود عمران خان کے دور میں بھی دفعہ 144 اور پابندیاں لگائی جاتیں تھیں۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ عمران خان لیڈر ہے یا گیدڑ جو اپنے حفاظت کے لیے دوسروں کو استعمال کرتا ہے، نواز شریف نے قوم کے بیٹوں کو جیل میں نہیں بھیجا بلکہ اپنی بیٹی کے ہمراہ جیل گئے، عمران خان کو کس نے کہا تھا کہ بیڈ کے نیچے چھپ جاؤ؟ یہ کورٹ بلاتی ہے تو عمران خان پلاسٹر دکھاتا ہے اور جلسے کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا، نواز شریف کے دور میں ڈالر 100 روپے سے کم کا تھا، شہباز شریف نے توشہ خانہ کی تفصیلات پبلک کیں جس سے ثابت ہوا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں چوری کی جب کہ مجھ پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔