شاداب خان کو کپتان بنانے پر شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان ٹیم کے بولنگ آل راؤنڈر اور نائب کپتان شاداب خان کو افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کپتان بنانے پر شاہد آفریدی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شاداب خان کو کپتان بننے پر مبارک باد پیش کی۔
شاہد آفریدی نے پی سی بی کے فیصلے کو سہراتے ہوئے لکھا کہ بورڈ کی جانب سے سینیئرز کھلاڑیوں کو آرام دینا اور نوجوان کھلاڑیوں سمیت شاداب خان کو کپتانی کا موقع فراہم کرنا ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاداب خان کو کھیل کے میدان میں خود کو ثابت کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔ قبل ازیں، پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی نے سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا
جبکہ تین کھلاڑیوں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔ ٹیم میں شاداب خان (کپتان)، عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف،افتخاراحمد، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود،طیب طاہر، زمان خان، احسان اللہ، عمادوسیم، محمدحارث، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 24، 26 اور 27 مارچ کو شارجہ میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کی میزبانی افغانستان کرے گا۔