نیب نیازی گٹھ جوڑ میں ثاقب نثار ملوث تھے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثاقب نثار عمران خان سے کیوں ملتے رہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ میں ثاقب نثار ملوث تھے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ لوگ بغیر ثبوت کے لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں، ثاقب نثار نے غلط ریکارڈ پر بنی گالہ کو رجسٹرڈ کرایا تھا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ لاہور میں بیٹھے ایک شخص کی غلیظ اور گھٹیا سیاست دفن ہو چکی ہے، تحریک عدم اعتماد کے وقت اس شخص نے جنرل باجوہ کی منتیں ترلے کیں، اس شخص نے چار سال پاکستان کی عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، اسی وجہ سے اس کے خلاف ان کے اپنے اراکین تحریک عدم اعتماد میں شامل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اس نے تحریک عدم اعتماد کا سنتے ہی سائفر پر کھیل کھیلنا شروع کیا، یہ سازش امریکا سے ہوتی ہوئی جنرل باجوہ تک پہنچی، امریکا سے شروع ہو کر محسن نقوی تک سازش پر بیانات بدلے گئے، انہوں نے امریکا سے بھی معافیاں مانگیں حالانکہ اسی سائفر پر انہوں نے پارلیمنٹ توڑی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئین شکنی کی، سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا کہ آئین شکنی ہوئی، چار سال ملک کے خلاف سازش کے بعد ملک کے حالات بہتر ہونا شروع ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مارچ 2022ء میں آئی ایم ایف پروگرام معطل کر دیا تھا، ہم نے اس پروگرام کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو ٹیبل پر لائے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے بات کی کہ ہم سخت شرائط نہیں مان سکتے ہیں، اس پر دوبارہ بات ہوئی، آج ملک میں مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ رمضان میں مفت آٹا مہیا کریں، جو پنجاب سے شروع کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی گاڑی نے ظل شاہ کی لاش کو اسپتال پہنچایا، دو اسمبلیاں خود توڑیں اور کہا کہ لانگ مارچ کر رہا ہوں۔ مریم اورنگزیب عدالتوں پر حملہ کرتے ہیں اور پھر پیش بھی نہیں ہوتے، عمران خان نے لانگ مارچ میں خود پر گولی چلوائی، ان کے دور میں ملکی معیشت تباہ کی گئی، وہ عدالت کے لیے بیمار اور بزرگ بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سائفر کو پہلے عالمی، پھر بیرونی، پھر باجوہ، پھر نواز شریف اور شہباز شریف کی سازش کہا، پھر محسن نقوی کی سازش کہا۔ان کا کہنا ہے کہ راجہ شکیل کو زمان پارک میں پناہ دی، ڈرائیور چھپ گیا، شیو کرالی، سائفر سے کہانی شروع ہوئی اب لاشوں کا انتظار ہوتا ہے، منتظر ہے کوئی لاش ملے تو سیاست کرے۔وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف نے کل ننھی منی ریلی نکالی، عمران خان تحریک کے لیے تیار ہے لیکن عدالت کے لیے معذور ہے۔
انہوں نے عمران خان کے خلاف سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر خیرات کے پیسے سیاست میں نہیں لگائے تو جواب دے دو، ٹیریان آپ کی بیٹی ہے یا نہیں جواب دے دو، توشہ خانہ سے گھڑی چرائی ہے نہیں چرائی تو جواب دے دو۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ توشہ خانہ سے چیزیں لینا اور چوری کرنا دو مختلف چیزیں ہیں، توشہ خانہ سے قانون کے مطابق قانون لے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ سے تحفہ لے کر بیچنے کے بعد پیسے جمع کرائیں، یہ جرم ہے، گھڑی بیچ کر نقلی رسیدیں بنائیں، پھر توشہ خانہ میں پیسے جمع کرائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی تضحیک آپ کے اعمال اور آپ کے فیصلوں سے ہورہی ہے، کون سا عدالتی فیصلہ ہے جو آدھا، پونا فیصلہ ہو، آپ خود کہہ رہے ہیں کہ میں نے پورا صادق امین قرار نہیں دیا، مریم نواز ثبوت پیش کررہی ہے، جسے آپ مان رہے ہیں، آپ نے ادارے کی، قلم کی تضحیک کی ہے،آپ نے پی کے ایل آئی بند کردیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کل اسی الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیتے تھے آج کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں، فواد چوہدری پر الیکشن کمیشن کی توہین کا کیس چل رہا ہے، یہ لوگ الیکشن کمشنر کے بچوں کو قتل کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں، آپ الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں تو آپ اس کے فارن فنڈنگ فیصلے پر بھی کھڑے ہیں، یعنی آپ نے تسلیم کر لیا کہ عمران خان فارن ایجنٹ اور توشہ خانہ چور بھی ہیں۔