ہوسکتا ہے عمران خان خود گرفتاری دے دیں، شاہ محمود قریشی


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پولیس سے گزارش ہے کہ حالات مت بگاڑیں، ہوسکتا ہے عمران خان خود گرفتاری دے دیں۔زمان پارک لاہور میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ یہ لاشیں گرانے کا پروگرام لے کر آئے ہیں، ہم سے بات کریں، ہو سکتا ہے ہم از خود گرفتاری دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان حفاظتی ضمانت پر ہیں ،حفاظتی ضمانت کے باوجود کیا قیامت ٹوٹ پڑی کہ انہوں نے کارروائی کردی۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی نےپوچھا کہ کیا یہ ہماری کل کی ریلی کا رد عمل ہے ،کیا یہ انتخابات ملتوی کروانا چاہتے ہیں ،کیا نگران حکومت کا یہ مینڈیٹ ہے؟ان کا کہنا تھاکہ ہم کھلے ذہن سے انہیں سننا چاہتے ہیں، کوئی نہ کوئی راستہ نکالنا چاہتے ہیں،ڈی آئی جی اسلام آباد سے بات چیت کیلئے سڑک پر آیا ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم خون خرابا نہیں چاہتے ، ہم بات چیت سے مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں ،پولیس جو آرڈر لائی ہے وہ میں دیکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نہ تو جانی اور نہ ہی املاک کا نقصان چاہتے ہیں، پولیس نے چھاپہ مارا ہے، انہوں نے جو حرکت کی ہے، یہ دراصل نقصان کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پولیس سے گزارش ہے کہ حالات مت بگاڑیں، وارنٹ دکھائیں، میں پڑھوں گا اور سمجھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وارنٹ کے متعلق عمران خان سے بات کریں گے، اپنے وکلاء سے بات کریں گے،ہم نے قانون کا راستہ لیا، عدالتوں میں گئے۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے، ان کے پاؤں کے نیچے سے زمین نکلتی جارہی ہے، یہ لوگ نقصان کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی صاحب سے ملنے جا رہا ہوں، وہ وارنٹ دکھائیں، میں بات سمجھنا چاہتا ہوں، اس کے بعد عمران خان اور وکلا سے رابطہ کروں گا۔