پولیس اور کارکنوں کا تصادم روکنے کیلئے شاہ محمود کے ڈی آئی جی سے مذاکرات


لاہور(قدرت روزنامہ) عمران خان کی گرفتاری کیلئے آنے والی پولیس ٹیم اور پی ٹی آئی کارکنوں کے تصادم کو روکنے کیلئے شاہ محمود قریشی نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس سے مذاکرات کئے۔زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پولیس نے کہا وارنٹ لیکر آئے ہیں، پولیس سے کہا ہے حالات کو مت بگاڑیں، ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں خون خرابہ نہیں چاہتے، پولیس سے کہا ہے وارنٹ دکھائیں، وارنٹ دیکھ کر چیئرمین اور وکلا سے مشاورت کروں گا، ظل شاہ کی پہلے لاش گر چکی ہے مزید نہ گرائیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس بلا وجہ افراتفری، خوف و ہراس نہ پھیلائے، لاٹھی چارج، آنسو گیس، واٹر کینن کے استعمال کو فوری بند کیا جائے، کل کی انتخابی ریلی کی وجہ سے حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے، ایک طرف انتخابات شروع اور دوسری طرف چھاپے مارے جا رہے ہیں، ڈی آئی جی سے ملنے جا رہا ہوں، ڈی آئی جی مجھے وارنٹ دکھائیں، ہم معقول راستہ نکالیں گے تاکہ خون خرابہ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر شیلنگ اور تشدد کیا گیا، پولیس کے اداروں سے ہم غافل نہیں ہیں، ہم نے قانونی چارہ جوئی کی ہوئی ہے، عمران خان کو حفاظتی ضمانت ملی ہوئی ہے، کیا قیامت ٹوٹ پڑی کہ آج ہی گرفتار کرنا ہے، پولیس کیمیکل والے پانی کا استعمال بند کرے، کارکنوں سے کہا ہے پرامن رہیں، پولیس کا ایجنڈا کیا ہے کیا وہ لاشیں گرانے آئے ہیں؟، کسی نے مذاکرات کرنے ہیں تو مجھ سے کریں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پتا تو چلے ان کے عزائم کیا ہیں، کیا یہ الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں؟، جب حفاظتی ضمانت مل جائے تو گرفتاری نہیں ہو سکتی، ہم کوئی راستہ نکالنا چاہتے ہیں، ہمارا نقطہ نظریہ ہے لڑائی نہیں چاہتے، عمران خان کی حفاظتی ضمانت ہو چکی ان کی گرفتاری نہیں ہوسکتی، آج کی کارروائی بلا جواز ہے، خون خرابے سے بچنے کیلئے ہو سکتا ہے عمران خان ازخود گرفتاری دے دیں۔