عمران اپنے نام کے ساتھ خان نہ لگائیں، خان تو بہادر ہوتے ہیں، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران اپنے نام کے ساتھ خان نہ لگائیں، خان تو بہادر ہوتے ہیں، جو ڈر گیا وہ مرگیا، وہ شخص لیڈر نہیں ہوتا جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنائے۔مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے، حکومت کا گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں ہے، عدالت نے پولیس کو اریسٹ وارنٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کے لیے لاہور میں موجود ہے، عمران خان عورتوں اور بچوں کے مورچے کو استعمال کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو اپنے آپ کو بہادر خان کہتا تھا وہ چارپائی کے نیچے چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، یہ شخص ایک مجرم ہے، اسے عدالت نے بلایا ہے، پولیس کے پاس کوئی اسلحہ موجود نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر خیرات کے پیسے ہاؤسنگ سوسائٹی میں انویسٹ نہیں کیے تو جواب دو، اگر تم ٹیریان کے والد نہیں ہو تو عدالت میں جواب دے دو، جواب دے دو کہ توشہ خانہ سے گھڑی نہیں لی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت کو کہہ دو کہ میں نے خاتون جج کو دھمکی نہیں دی، اگر آج وارنٹ معطل ہوتے ہیں، ضمانتیں ملتی ہیں تو یہ حق ہر شہری کو ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کارکن سڑکوں پر رُل رہے ہیں اور یہ بنکر میں بیٹھا ہوا ہے، ہمارے رہنماؤں نے گرفتاریاں دیں، یہ جانتے ہوئے کہ جھوٹے کیس ہیں۔